مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی زمینی فوج نے طائف کے علاقے میں فوجی مشق کا انعقاد کیا، جس میں زمینی افواج کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔
الخلیج آن لائن کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی زمینی افواج نے میدان میں کارکردگی بہتر بنانے اور شریک یونٹس کی جنگی تیاری کی سطح بلند کرنے کے مقصد سے جنوبی علاقے اور طائف میں پہاڑی ماحول میں خصوصی جنگی مہارتوں پر مبنی تربیتی پروگرام منعقد کیا۔
وزارت دفاع کے مطابق یہ تربیت سعودی زمینی افواج کے چیف آف اسٹاف فہد الجہنی کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پروگرام میں جدید نوعیت کی مشقیں شامل تھیں، جن میں پہاڑوں پر چڑھائی اور اترائی کی تربیت، بلندیوں کے درمیان نقل و حرکت، پیچیدہ زمینی حالات میں فائرنگ کی مشق، اور پہاڑی علاقوں میں انخلا اور امدادی کارروائیوں کی انجام دہی شامل تھی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے دشوار گزار علاقوں میں حقیقی فوجی آپریشنز جیسے حالات کی عکاسی کی گئی۔
سعودی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق یہ تربیت افواج کی عملی صلاحیتوں کی مسلسل ترقی کے منصوبوں کے تحت کی جا رہی ہے، جس کا مقصد جنگی کارکردگی کو بہتر بنانا، میدان جنگ میں معیار عمل کو بلند کرنا اور مختلف ممکنہ آپریشنل حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیاری میں اضافہ کرنا ہے۔
آپ کا تبصرہ